دریا کے کنارے ایک گھنے درخت پر ایک خوبصورت اور نرم دل سفید فاختہ (Dove) رہتی تھی۔
ایک دن ایک چھوٹی چیونٹی پیاس کی شدت سے پانی پینے ندی کے کنارے آئی۔ تیز لہروں کی وجہ سے اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ پانی کے بہاؤ میں بہنے لگی اور ڈوبنے کے قریب پہنچ گئی۔
درخت پر بیٹھی فاختہ نے جب چیونٹی کو ڈوبتے دیکھا تو اسے بہت ترس آیا۔ اس نے فوراً درخت سے ایک چوڑا پتہ توڑا اور اپنی چونچ سے پانی میں چیونٹی کے بالکل پاس گرا دیا۔ چیونٹی تیر کر پتے پر چڑھ گئی اور ندی کا کنارہ لگنے پر بحفاظت خشکی پر پہنچ گئی اور فاختہ کا شکریہ ادا کیا۔
کچھ دنوں بعد ایک ظالم شکاری بندوق لے کر اسی درخت کے نیچے آیا اور اس نے فاختہ کا نشانہ باندھنا شروع کیا۔ فاختہ انجان بیٹھی تھی اور اسے معلوم نہ تھا کہ شکاری اس پر فائر کرنے والا ہے۔
پاس ہی گھاس میں موجود چیونٹی نے جب یہ دیکھا تو وہ بجلی کی تیزی سے شکاری کے پاؤں پر چڑھی اور اس کے انگوٹھے پر زور سے کاٹ لیا۔
شکاری درد سے چیخ اٹھا: "آہ!”، اس کا نشانہ چوک گیا اور گولی کا دھماکہ سن کر فاختہ چوکنی ہو کر آسمان میں اڑ گئی۔ یوں چیونٹی نے اپنی محسن فاختہ کی جان بچا کر احسان کا قرض چکا دیا۔



