سعودی عرب کی طرف داغے گئے تین حوثی بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے: فوجی اتحاد
سعودی عرب کی طرف داغے گئے تین حوثی بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے: فوجی اتحاد
یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کے لیے قائم سعودی عرب کی قیادت میں فوجی اتحاد نے جمعے کو کہا ہے کہ اس نے جنوب مغربی سعودی عرب میں خمیس مشیط کی طرف حوثی ملیشیا کے داغے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا ہے۔
یمن میں سرگرم حوثیوں نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب پر متعدد ڈرون اور بیلسٹک/کروز میزائل حملے کیے ہیں، جن کا بنیادی ہدف جنوبی اور مغربی شہروں کے ساتھ ساتھ تیل کی تنصیبات تھیں۔
فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ فورسز نے رات تقریباً تین بجے خمیس مشیط کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا، اس سے کچھ ہی دیر قبل اسی علاقے کو نشانہ بنانے والے مزید دو میزائلوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق حوثیوں کے چار ڈرون طیاروں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
دوسری جانب، سعودی سول ڈیفنس نے کہا کہ جمعے کو نجران میں ایک حوثی پروجیکٹائل سکول پر گرا، جس سے مالی نقصان ہوا۔ بیان میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی۔
اسی دوران، یمنی مسلح افواج نے کہا ہے کہ انہوں نے گذشتہ 24 گھنٹے میں حوثیوں کے ٹھکانوں، نقل و حرکت، کمک اور فوجی صلاحیتوں کے خلاف 474 فضائی حملے اور انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی کارروائیاں کی ہیں۔
