سعودی عرب 9 ستمبر 2026 ⏱ 2 min read 👁 586

مکہ معاہدے سے عام پاکستانی کیسے خوشحال ہوگا؟

مکہ معاہدے سے عام پاکستانی کیسے خوشحال ہوگا؟

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 6:46 صبح

عام آدمی کے نقطۂ نظر سے مکہ معاہدے سے جڑا ایک سوال اہم ہے کہ ایک عام پاکستانی کے گھر، روزگار، کاروبار، تعلیم، علاج، سفر اور معاشی مستقبل میں کیا تبدیلی آئے گی۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے 7 اگست 2026 کو مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدہ کیا، جس کے تحت تینوں ممالک نے اجتماعی دفاع اور سلامتی کو مضبوط بنانے کا عزم کیا ہے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی ملک کے خلاف نہیں۔

عوام کو سب سے پہلے یہ سمجھنا ہوگا کہ دفاع اور معیشت الگ الگ چیزیں نہیں ہیں۔ جس ملک کو اپنی سرحدوں، شہریوں اور سرمایہ کاری کے تحفظ پر اعتماد ہو وہاں کاروبار بھی آتا ہے، صنعت بھی لگتی ہے اور روزگار بھی پیدا ہوتا ہے۔ اگر مکہ معاہدہ خطے میں جنگ کے امکانات کم کرنے اور پاکستان کے خلاف کسی ممکنہ جارحیت کو روکنے میں کامیاب ہوتا ہے تو اس کا بالواسطہ فائدہ پاکستانی معیشت کو بھی پہنچ سکتا ہے۔ لیکن یہ فائدہ خود بخود عوام کی جیب تک نہیں پہنچے گا اس کے لیے حکومت کو معاشی حکمت عملی بنانا ہوگی۔

روزگار کے حوالے سے سب سے بڑا موقع پاکستانی نوجوانوں کے لیے ہے۔ سعودی عرب کو تعمیرات، ٹیکنالوجی، صحت، انجینئرنگ، زراعت، توانائی، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور دیگر شعبوں میں ہنرمند افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ ترکی کے ساتھ صنعتی اور تکنیکی تعاون اس انسانی سرمائے کو مزید تربیت دے سکتا ہے۔ اگر تینوں ممالک مشترکہ تربیتی مراکز اور ہنرمندی کی تصدیق کا نظام قائم کریں تو پاکستانی نوجوان صرف مزدور کے طور پر نہیں بلکہ انجینئر، ٹیکنیشن، آئی ٹی ماہر، نرس، مینیجر اور کاروباری ماہر کے طور پر عالمی منڈی میں جا سکتے ہیں ابھی تک پاکستان دنیا بھر کو اپنے باصلاحیت نوجوان مزدور کی صورت میں فراہم کرتا ہے۔

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں 7 اگست 2026 کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ سہہ فریقی دفاعی معاہدے پر دستخط کے موقع پر دیکھے جاسکتے ہیں (پی آئی ڈی)