پی ٹی آئی لانگ مارچ ’آئینی بحران‘، لاجرر بینچ سماعت کرے گا: اسلام آباد ہائی کورٹ
پی ٹی آئی لانگ مارچ ’آئینی بحران‘، لاجرر بینچ سماعت کرے گا: اسلام آباد ہائی کورٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ کے معاملے کو ’آئینی بحران‘ قرار دیتے ہوئے لارجر بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان، چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز اور آئی جیز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 10 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔
پارٹی کے مطابق اس احتجاج کا مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی، جیل میں ان تک اہلِ خانہ اور وکلا کی رسائی اور ان کے مقدمات میں تیزی لانا ہے۔
اسی حوالے سے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے منگل کو شہری وقاص احمد کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل اسلام آباد میں کاروبار کرتے ہیں اور پی ٹی آئی کے احتجاج سے شہریوں اور کاروباری سرگرمیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
وکیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اسلام آباد احتجاج کا اعلان کیا ہے اور سرکاری مشینری کے ہمراہ اسلام آباد آنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر 2024 کو نکالی جانے والی احتجاجی ریلی صوابی کے مقام پر پڑاؤ ڈالے (فائل فوٹو/ اے ایف پی)
