پاکستان 12 نومبر 2026 ⏱ 2 min read 👁 509

خراب روشنی سے متاثرہ راولپنڈی ٹیسٹ میں ثاقب کی 7 وکٹیں

خراب روشنی سے متاثرہ راولپنڈی ٹیسٹ میں ثاقب کی 7 وکٹیں

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 9:28 شام

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کا کھیل بارش اور خراب روشنی کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔

آج کے کھیل کی اہم بات ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر ثاقب خان کی سات وکٹیں تھیں۔

راولپنڈی میں ابر آلود موسم کے دوران انہوں نے 130 رنز دے کر سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس کے نتیجے میں سری لنکا کی پوری ٹیم اپنے گذشتہ روز کے سکور 404-4 سے زیادہ آگے نہ بڑھ سکی اور 446 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 12 رنز کے معمولی خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی اور دوسرے سیشن کے 45 منٹ بعد خراب روشنی اور پھر بارش کے باعث کھیل روکے جانے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنا لیے تھے۔

اوپنر اذان اویس 22 اور محمد طحہٰ 24 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ یوں پاکستان کو نو وکٹیں باقی رہتے ہوئے مجموعی طور پر 45 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

پاکستان نے کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل اپنے اوپنر طیب عارف کی وکٹ گنوائی، جنہیں اسیتھا فرنینڈو نے 11 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

ابر آلود موسم میں کھیلے گئے صبح کے سیشن میں ثاقب خان نمایاں رہے۔انہوں نے دن کے پہلے ہی اوور میں سینچری بنانے والے دھننجایا ڈی سلوا کو آؤٹ کرکے سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا آغاز کیا۔ 

سری لنکا کے اسیتھا فرنانڈو (دائیں) 12 نومبر 2026 کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان کے طیب عارف (بائیں) کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کر رہے ہیں (عامر قریشی / اے ایف پی)