دنیا 4 نومبر 2026 ⏱ 2 min read 👁 708

امریکی عدالت نے افغان شہریوں کی ملک بدری کا ٹرمپ کا منصوبہ روک دیا

امریکی عدالت نے افغان شہریوں کی ملک بدری کا ٹرمپ کا منصوبہ روک دیا

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 7:58 شام

امریکی وفاقی عدالت نے درجنوں افغان تارکین وطن کو واپس افغانستان بھیجنے کے ٹرمپ انتظامیہ کے منصوبے کو منگل کو روک دیا ہے۔

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے خبردار کیا تھا کہ اس اقدام سے افغان تارکین وطن کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

نیویارک کے جنوبی ضلعی عدالت کی جج ویلیری کیپرونی نے فیصلہ دیا کہ امریکہ اس ہفتے کسی بھی افغان شہری کو افغانستان یا پاکستان نہیں بھیج سکتا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرسٹوفر جارج نے عدالت کو بتایا کہ اس ہفتے امریکہ میں مقیم افغان شہریوں کو افغانستان یا پاکستان بھیجنے کے لیے ’کسی خصوصی یا کمرشل پرواز کا کوئی منصوبہ نہیں اور نہ ہی اس کی تصدیق ہوئی ہے۔‘

امریکی میڈیا نے گذشتہ ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امیگریشن کے خلاف تازہ ترین سخت اقدامات کے تحت امریکہ میں مقیم 150 سے زائد افغان شہریوں کو پاکستان کے راستے افغانستان بھیجا جانا تھا۔

16 دسمبر 2021 کی اس تصویر میں امریکی ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی نوٹووے کے علاقے بلیک سٹون میں واقع فورٹ پکٹ کیمپ میں مقیم ایک افغان خاتون عطیات میں ملنے والے کپڑے دیکھ رہی ہیں (فائل فوٹو: جون چیری/گیٹی امیجز/اے ایف پی)