دنیا 27 ستمبر 2026 ⏱ 2 min read 👁 272

برطانیہ میں امریکی اڈے کے قریب دہشت گرد حملے کی تیاری کا شبہ، 5 گرفتار

برطانیہ میں امریکی اڈے کے قریب دہشت گرد حملے کی تیاری کا شبہ، 5 گرفتار

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 6:08 شام

برطانوی پولیس نے اتوار کو بتایا کہ ایران کے خلاف جنگ کے دوران امریکہ کے زیر استعمال رہنے والے ایک فضائی اڈے کے قریب رات گئے پانچ افراد کو دہشت گردی کی کارروائی کی تیاری کے شبہے میں حراست میں لے لیا گیا۔

لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے، جو ممکنہ دہشت گردی کی سرگرمیوں سے متعلق معاملات کی ذمہ دار ہے، ایک بیان میں کہا کہ پولیس کو رات 12 بج کر 45 منٹ پر تین مشتبہ گاڑیوں کے حوالے سے اطلاع موصول ہوئی جو بظاہر فضائی اڈے کی جانب جا رہی تھیں۔

پانچوں افراد کو ابتدائی طور پر وِلفرڈ کے علاقے میں ’ایکسپلوزِوز ایکٹ‘ کے تحت جرائم کے شبہے میں گرفتار کیا گیا۔

یہ علاقہ رائل ایئر فورس فیئر فورڈ اڈے سے متصل ہے، جہاں امریکی فضائیہ کے 501ویں کامبیٹ سپورٹ وِنگ اور 420ویں ایئر بیس سکواڈرن کے ہیڈکوارٹرز ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

یہ اڈہ برطانیہ کی ملکیت ہے، تاہم سرد جنگ کے زمانے سے جاری ایک معاہدے کے تحت اسے امریکہ چلاتا ہے۔

ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکی فورسز نے فیئر فورڈ اڈا انتہائی محدود حملوں کے لیے استعمال کیا۔

28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد برطانوی حکومت نے امریکی فوج کو ایرانی تنصیبات پر حملوں کے لیے فیئر فورڈ اڈا استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔

ایران کا کہنا ہے کہ اس اڈے سے پرواز کرنے والے بمبار طیاروں کو طے شدہ اصل دائرۂ کار سے باہر حملوں کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔

پولیس نے گرفتار کیے گئے افراد کی قومیت کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔

امریکی فضائیہ کا بی-1 لینسر بمبار طیارہ 27 ستمبر 2026 کو جنوب مغربی انگلینڈ کے علاقے فیئر فورڈ میں واقع آر اے ایف فیئر فورڈ اڈے کے رن وے پر کھڑا ہے (اے ایف پی)