رواں ہفتے مبینہ انڈین ایجنٹ سمیت 13 ’دہشت گرد‘ گرفتار: پنجاب سی ٹی ڈی
رواں ہفتے مبینہ انڈین ایجنٹ سمیت 13 ’دہشت گرد‘ گرفتار: پنجاب سی ٹی ڈی
پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی( سی ٹی ڈی) کے ترجمان نے ہفتے کو کہا رواں ہفتے صوبے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے 98 آپریشنز میں انڈین خفیہ ادارے را کے مبینہ ایجنٹ سمیت کالعدم تنظیموں کے 13 ’دہشت گردوں‘ کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق را کے مبینہ ایجنٹ کو پاک پتن سے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق صوبے کے مختلف شہروں میں رواں ہفتے کے دوران 9515 کومبنگ آپریشنز کے دوران 52 مشتبہ افراد گرفتارکیے گئے۔
اس دوران 55 ہزار 400 سے زائد افراد کو چیک کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’را سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گرد ماجد کے علاوہ گرفتار مبینہ دہشت گردوں کی شناخت عثمان، نعیم ، عبدالمنان ، واجد، اسامہ، عثمان، حسن اور بابر کے نام سے ہوئی اور ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، ایک دستی بم، تین دیسی ساختہ بم، 12 ڈیٹونیٹرز، فیوز اور 35 فٹ تار برآمد کیے گئے۔‘
ترجمان کے بقول ’گرفتار 13 دہشت گردوں کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے ان کے خلاف 13 مختلف مقدمات درج کر کے کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
’ان گرفتار دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ ہے اور وہ لاہور، سرگودھا، گجرات، پاک پتن، راولپنڈی ، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، خوشاب، چنیوٹ اورخانیوال کے رہائشی ہیں۔ آپریشن مقامی پولیس اور حساس اداروں کی معاونت سے کیے گئے۔‘
پولیس اہلکار 10 نومبر 2023 کو لاہور کی ایک مارکیٹ میں گشت کر رہے ہیں (عارف علی / اے ایف پی)
