قائداعظم یونیورسٹی کے طلبہ کا مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کا مطالبہ
قائداعظم یونیورسٹی کے طلبہ کا مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کا مطالبہ
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک بڑی درس گارہ قائداعظم یونیورسٹی کی ایک طلبہ تنظیم نے یونیورسٹی میں جاری انتظامی، تعلیمی اور طلبہ سے متعلق مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مستقل وائس چانسلر کی فوری تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس اور پُرامن احتجاج میں تنظیم قائدین سٹوڈنٹس فیڈریشن (کیو ایس ایف) نے کہا کہ قائداعظم یونیورسٹی گذشتہ آٹھ ماہ سے مستقل وائس چانسلر سے محروم ہے۔ تنظیم کے مطابق موجودہ سربراہ کی پہلی مدت ملازمت 6 جولائی 2026 کو ختم ہوئی تھی جبکہ ان کی بطور قائم مقام وائس چانسلر توسیع بھی 6 اکتوبر 2026 کو ختم ہو چکی ہے۔ طلبہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک کی ایک بڑی جامعہ کو شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے تحت مستقل اور جوابدہ قیادت کی ضرورت ہے۔
کیو ایس ایف نے قائم مقام انتظامیہ کے تحت اہم ادارہ جاتی فیصلوں پر بھی اعتراض اٹھایا۔ تنظیم کے مطابق بھرتیوں، ملازمین کے تبادلوں، مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط، اپیلٹ کمیٹیوں کی تحلیل، طلبہ کے خلاف تادیبی کارروائیوں اور مقدمات کے اندراج، ترقیوں اور مختلف منصوبوں کی تقسیم یا ردوبدل جیسے فیصلے ایسے معاملات ہیں جن کے دیرپا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ طلبہ تنظیم نے مطالبہ کیا کہ تمام انتظامی اقدامات قانونی اختیارات اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے دائرے میں رہ کر کیے جائیں۔
اسلام آباد کی ایک سرکاری یونیورسٹی میں ایک استاد طلبہ کو لیکچر دینے میں مصروف ہیں (انڈپینڈنٹ اردو)
