پی ٹی آئی قیادت ایسی بند گلی میں نہ جائے جہاں سے واپسی کا راستہ نہ رہے: محسن نقوی
پی ٹی آئی قیادت ایسی بند گلی میں نہ جائے جہاں سے واپسی کا راستہ نہ رہے: محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیر کو پاکستان تحریک انصاف کو 27 ستمبر کے لانگ مارچ سے باز رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’اب بھی وقت ہے، قیادت ایسی صورت حال میں نہ جائے جہاں واپسی کا راستہ باقی نہ رہے‘۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ اگر لانگ مارچ کیا گیا تو حکومت گذشتہ احتجاج کی طرح اس بار کوئی خلا یا ’لوپ ہول‘ نہیں چھوڑے گی اور عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی صورت میں حکومت کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرے گی اور عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے سے نہ سیاسی طور پر کوئی فائدہ ہو گا اور نہ ہی ملکی معیشت کو کوئی فائدہ پہنچے گا، بلکہ ان کے بقول اس سے ملک، معیشت اور عوام کو نقصان کا خدشہ ہے۔
انہوں نے مارچ کی تیاری کرنے والی قیادت پر زور دیا کہ وہ اس راستے پر نہ جائے جس سے واپسی مشکل ہو، اور کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کے اعلان کے پیش نظر اسلام آباد کے متعدد مقامات پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)
