دنیا 10 نومبر 2026 ⏱ 3 min read 👁 840

وہ گھنٹے جنہیں پاکستان ضائع کرنے کا متحمل نہیں

وہ گھنٹے جنہیں پاکستان ضائع کرنے کا متحمل نہیں

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 4:21 شام

شام تقریباً 5 بجے ثمینہ حسن لغاری کراچی میں اپنے دفتر سے نکلتی ہیں۔ وہ بس کے لیے تقریباً آدھا گھنٹہ انتظار کرتی ہیں، پھر مزید ایک گھنٹے سے 90 منٹ تک سفر کرتی ہیں اور اس کے بعد 15 منٹ پیدل چل کر گھر پہنچتی ہیں۔

ستمبر 2026 میں ایک انگریزی اخبار میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں ثمینہ نے اندھیری سڑکوں، تیز رفتار ٹریفک اور تحفظ سے متعلق ان خدشات کا ذکر کیا، جو ان کے سفر کے آخری حصے کو مشکل بنا دیتے ہیں۔

ان کا تجربہ ایک ایسی معاشی قیمت کی عکاسی کرتا ہے جو سرکاری اعداد و شمار میں شاذ و نادر ہی دکھائی دیتی ہے: وہ وقت جو لوگ محض اپنے گھر پہنچنے کی کوشش میں ضائع کر دیتے ہیں۔

پاکستان کے لیے وقت کا ضیاع محض ایک زحمت نہیں۔ یہ مواقع کا ضیاع ہے: ایسے گھنٹے جو کام کرنے، سیکھنے، خاندان کی دیکھ بھال کرنے یا کاروبار کھڑا کرنے پر صرف کیے جا سکتے تھے، جب روزمرہ کے سفر اور انتظامی تاخیر میں جمع خرچ ہو جاتے ہیں تو اس کی قیمت صرف انفرادی پریشانی تک محدود نہیں رہتی بلکہ خود معیشت کی پیداواری صلاحیت تک پہنچ جاتی ہے۔

یہ سوال اب توجہ کا مستحق ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس (PIDE) کے 2026 کے ایک نالج بریف میں پاکستان کی طویل مدتی پیداواری صلاحیت میں کمی کا ذکر کیا گیا ہے اور ساختی بگاڑ، ریگولیٹری بوجھ اور کمپنیوں کی کمزور صلاحیتوں کو ان رکاوٹوں میں شمار کیا گیا ہے، جو معیشت کو پیچھے رکھ رہی ہیں۔ ترقی ہمیشہ مزید وسائل شامل کرنے پر انحصار نہیں کر سکتی۔ ملک کو اپنے وسائل زیادہ مؤثر انداز میں استعمال بھی کرنا ہوں گے اور وقت بھی اسی مساوات کا حصہ ہے۔

اس کی ایک نمایاں مثال فروری میں سامنے آئی۔ ڈان نے رپورٹ کیا کہ رائیڈ ہیلنگ کمپنی یانگو کے مطابق اس کی روٹنگ ٹیکنالوجی نے 2025 میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سفر کے دوران 832,617 گھنٹے بچائے۔ یہ کمپنی کا اپنا تخمینہ ہے جو اسی کے سفر کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔

لیکن اس سے ایک مفید سوال پیدا ہوتا ہے: اگر ایک نجی کمپنی یہ اندازہ لگا سکتی ہے کہ اس کا روٹنگ سسٹم کتنا وقت بچاتا ہے تو سرکاری ادارے معمول کے مطابق یہ کیوں نہیں ناپتے کہ ان کے اپنے نظام شہریوں کا کتنا وقت ضائع کرتے ہیں؟

یہ نقصانات روزمرہ زندگی میں واضح طور پر نظر آتے ہیں۔ طویل اور ناقابل اعتبار سفر کسی ملازمت کو ناممکن بنا سکتا ہے، خاص طور پر ان کارکنوں کے لیے جو نجی سفری ذرائع کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔

6 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں شہری سرکاری سطح پر مفت فراہم کی جانے والی بس میں سوار ہو رہے ہیں (اے ایف پی)