دنیا 6 ستمبر 2026 ⏱ 2 min read 👁 334

نوجوانوں میں تنہائی کیوں بڑھ رہی ہے؟

نوجوانوں میں تنہائی کیوں بڑھ رہی ہے؟

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 5:44 صبح

کیا آپ خود کو تنہا محسوس کرتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو کیا آپ یہ بات کھل کر تسلیم کر سکتے ہیں؟

جب میں اپنی زندگی کے سب سے زیادہ تنہائی بھرے دور سے گزر رہی تھی تو میں ایسا نہیں کر سکتی تھی۔ صرف یہ کہنا کہ ’میں تنہا ہوں‘ میرے لیے بے حد شرمندگی کی بات محسوس ہوتی تھی۔

میں اس وقت عمر کی تیسری دہائی کے آخری برسوں میں تھی اور مجھے لگتا تھا کہ مجھے زندگی کے بہترین دور میں ہونا چاہیے، ایسی زندگی گزارنی چاہیے جس پر مجھ سے بڑی عمر کے لوگ رشک کریں لیکن حقیقت یہ تھی کہ میں اپنے والدین کے دوستوں اور ان کی بھرپور سماجی زندگی سے حسد کرتی تھی۔

اس وقت میں ایک دوراہے پر کھڑی تھی۔ بچپن کے جن دوستوں کے ساتھ میری پرورش ہوئی تھی، اب ان سے میری بہت سی باتیں مشترک نہیں رہی تھیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

وہ شادی اور بچوں کی زندگی میں آگے بڑھ رہے تھے اور دلچسپ بات یہ تھی کہ وہ سب ایک دوسرے کے بہت قریب تھے۔ جتنا زیادہ وقت میں ان کے ساتھ گزارتی، اتنا ہی زیادہ خود کو تنہا محسوس کرتی۔

دفتر میں میری جان پہچان کے کئی ایسے لوگ تھے جو غیر شادی شدہ تھے، لیکن ان میں سے بہت کم ایسے تھے جو قریبی دوست بن سکے۔

اگرچہ ہفتے کے دنوں میں میری ڈائری دوستوں کے ساتھ کھانے پینے اور ملنے جلنے کے پروگراموں سے بھری رہتی تھی، لیکن ان ملاقاتوں سے وہ قربت حاصل نہیں ہوتی تھی، جس کی مجھے شدت سے ضرورت تھی۔

اکثر میں گھر سے نکلنے کے مقابلے میں واپس آتے وقت خود کو زیادہ تنہا محسوس کرتی تھی۔