دنیا 16 اکتوبر 2026 ⏱ 2 min read 👁 673

موٹرسائیکل سواروں کے لیے خطرہ؟ کولکتہ کی ’رینبو سڑک‘ پر سوالات

موٹرسائیکل سواروں کے لیے خطرہ؟ کولکتہ کی ’رینبو سڑک‘ پر سوالات

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 10:31 شام

ایک انڈین شہر کی جانب سے کئی فلائی اوورز کو دھنک کے رنگوں میں پینٹ کرنے کا اقدام اس وقت الٹا پڑ گیا جب بارش سے متاثرہ سڑکوں کے مصروف ترین حصوں پر موٹر سائیکلوں کے پھسلنے کی شکایات سامنے آئیں۔

مشرقی شہر کولکتہ بے شمار رنگوں، دلفریب روشنیوں اور ہزاروں سجے ہوئے پنڈالوں سے جگمگا رہا ہے کیونکہ تہواروں کے موسم میں شہر میں رونق لوٹ آئی ہے۔

ان تہواروں کو مزید رنگین بنانے کے لیے ریاست مغربی بنگال کی نئی حکومت نے فلائی اوورز پر ایسے رنگ کیے، جس سے وہ لگ بھگ ماریو کارٹ رینبو برج جیسے لگنے لگے۔

تاہم چنگری گھاٹ فلائی اوور کے ایک حصے پر، جس پر کئی چمکدار رنگ کیے گئے تھے، بدھ کو کم از کم تین موٹر سائیکل یکے بعد دیگرے پھسل گئے۔

ایک گاڑی کے ڈیش کیم کی مبینہ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہر کے مصروف ترین فلائی اوورز میں سے ایک پر موٹر سائیکل سوار یکے بعد دیگرے اپنا توازن کھو رہے ہیں۔

مقامی پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب پیش آیا جب ہلکی بارش ہو رہی تھی اور اس کا سڑک پر کیے گئے نئے چمکدار رنگ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

اخبار دی ٹیلی گراف انڈیا نے ایک پولیس افسر کے حوالے سے بتایا کہ ’موٹر سائیکل سوار اٹھے اور چلے گئے۔ اگر یہ رنگ کی وجہ سے ہوا تھا، تو اس واقعے سے پہلے یا بعد میں پھسلنے کا کوئی اور واقعہ رپورٹ کیوں نہیں ہوا؟‘

کولکتہ میں بارش کے بعد رینبو روڈ کے مصروف ترین حصوں پر موٹر سائیکلوں کے پھسلنے کی شکایات سامنے آئی ہیں (سکرین گریب/ نیوز 18 بنگلہ/ یوٹیوب)