دنیا 22 ستمبر 2026 ⏱ 3 min read 👁 380

کیا آپ امریکہ میں پورا قصبہ خریدنا چاہتے ہیں؟

کیا آپ امریکہ میں پورا قصبہ خریدنا چاہتے ہیں؟

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 8:01 صبح

شمالی کیلیفورنیا کی فیدر ریور وادی میں واقع ایک غیر منظم انتظامی علاقے کے پہاڑی قصبے کو اس کے طویل عرصے سے مالک رہنے والے شخص کی جانب سے پانچ دہائیوں سے زائد عرصے بعد چھوڑنے کی تیاری کے باعث 47 لاکھ 50 ہزار ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔

پلوماس کاؤنٹی میں واقع بیلڈن 87 سال پرانا تاریخی قصبہ ہے، جو کیلیفورنیا کے گولڈ رش کے دور کی یادگار ہے۔ اس کے موجودہ مالک ایوان کافمین ہیں۔ فریسنو سے تعلق رکھنے والے سابق مستری کافمین نے مقامی دریاؤں میں کئی دہائیوں تک سونے کی تلاش کے بعد 1989 میں یہ جائیداد خریدی تھی۔

اب وہ پورا کمپاؤنڈ فروخت کر رہے ہیں، جس میں دو منزلہ ریزورٹ اور لاج، ریستوران، بار، جنرل سٹور، مکینک گیراج، سکول ہاؤس اور مختلف رنگوں کے کرائے کے کیبن شامل ہیں۔

ایس ایف گیٹ کے مطابق، جائیداد فروخت کرنے کا فیصلہ کافمین کی زندگی میں پیش آنے والی متعدد ذاتی تبدیلیوں اور سانحات کے بعد کیا گیا۔ 2021 میں ڈکسی فائر نے علاقے کی پہاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور قریبی قصبے گرین ویل کو تباہ کر دیا، تاہم بیلڈن محفوظ رہا کیونکہ کافمین کا بیٹا اور کئی ملازمین آگ پر قابو پانے کے لیے وہیں موجود رہے۔

کافمین کا بیٹا رواں سال کے آغاز میں صحت سے متعلق پیچیدگیوں کے باعث انتقال کر گیا، جس کے بعد کافمین نے بالآخر جائیداد فروخت کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔

جب ایس ایف گیٹ نے کافمین سے پوچھا کہ انہیں اس جگہ کی سب سے زیادہ کیا چیز پسند تھی تو انہوں نے کہا، ’میرا خیال ہے، وہ تمام لوگ جن سے آپ برسوں کے دوران ملتے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ آپ بہت سی چیزوں کو پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں۔‘

کافمین نے پہلی مرتبہ 1970 میں اپنی مستری کی ملازمت سے ایک ہفتے کی چھٹی کے دوران بیلڈن کو دریافت کیا تھا۔ ایک بڑے سیلاب کے بعد دریا کا رخ تبدیل ہوا تو انہوں نے اس مقام پر سونے کے قیمتی ذرات کے ذخائر دریافت کیے جہاں یلو کریک، فیدر ریور میں شامل ہوتا ہے۔

کافمین کے مطابق، ’اس سال ایک زبردست سیلاب آیا تھا جس نے بجری کا ایک بہت بڑا ذخیرہ بہا کر اس گڑھے میں پہنچا دیا، اور اسی وجہ سے وہاں سارا سونا موجود تھا۔ وہ ان تمام برسوں سے چھپا ہوا تھا۔‘

بیلڈن کے مرکزی لاج میں قدیم اشیا کا ایک مجموعہ موجود ہے، جن میں مقامی فن پارے، تاریخی جانوروں کے محفوظ نمونے اور ایک قدیم سلاٹ مشین شامل ہیں (گوگل میپس)