دنیا 25 ستمبر 2026 ⏱ 3 min read 👁 531

کمیٹی کا 4 اکتوبر کو پشاور سے لانگ مارچ شروع کرنے پر اتفاق: سہیل آفریدی

کمیٹی کا 4 اکتوبر کو پشاور سے لانگ مارچ شروع کرنے پر اتفاق: سہیل آفریدی

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 6:34 شام

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے جمعے کی شب پریس کانفرنس میں سیاسی کمیٹی کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی نے 4 اکتوبر کو پشاور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اس سے قبل 27 ستمبر کو شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں نئی تاریخ پر اتفاق کیا گیا۔ 

نئی تاریخ پر اتفاق اس وقت سامنے آیا جب پارٹی کے اندر اور اتحادیوں کے درمیان لائحہ عمل پر مشاورت جاری تھی، جبکہ حکومت کی طرف سے سخت سکیورٹی انتظامات اور راستوں کی رکاوٹیں بھی موجود ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

یہ لانگ مارچ ابتدائی طور پر پانچ اگست کو سہیل آفریدی اور آٹھ اگست کو وزیر اطلاعات شفیع جان نے اتحادیوں کی مشاورت سے اعلان کیا تھا۔ اس مارچ کا مقصد عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی، آئینی بالادستی کی بحالی، مہنگائی سے ریلیف اور انصاف کی فراہمی تھا۔ مارچ پشاور سے اسلام آباد کی طرف مرحلہ وار بڑھنے والا تھا، جس میں مختلف مقامات پر دھرنے بھی شامل تھے۔

اجلاس سے قبل وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ سیاسی کمیٹی لانگ مارچ سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راستے میں رکاوٹیں، کنٹینرز یا دیگر اقدامات کیے جائیں، لانگ مارچ ہر صورت پرامن طریقے سے ہوگا۔

قبل ازیں پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ پارٹی لانگ مارچ مؤخر کرنے پر غور کر رہی ہے اور اس حوالے سے باضابطہ اعلان وزیراعلیٰ کریں گے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین اخونزادہ نے بھی بتایا تھا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کو پانچ اکتوبر تک مؤخر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم ان کی جماعت 27 ستمبر سے مرحلہ وار تحریک شروع کرنے کے حق میں ہے۔

دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس لانگ مارچ کی کوئی تیاری نہیں اور پارٹی رہنما راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے گئے ہیں جبکہ مختلف شاہراہوں پر کنٹینرز بھی رکھے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے بعض رہنماؤں کی مبینہ حراست اور اغوا کے دعوے بھی سامنے آئے ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں اور خاندان کے دیگر افراد کو لاہور میں 30 روز کے لیے نظربند کر دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے 27 مارچ کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ مختلف شاہراہوں پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد اور پنجاب میں رینجرز بھی طلب کی گئی ہے۔