دنیا 9 نومبر 2026 ⏱ 4 min read 👁 741

’جرمن صنعتی زون سے سیلاب‘: پاکستانی کسانوں کا جرمنی میں مقدمہ

’جرمن صنعتی زون سے سیلاب‘: پاکستانی کسانوں کا جرمنی میں مقدمہ

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 9:29 شام

چاول کے کھیتوں کے درمیان واقع پاکستانی گاؤں میں، عبدالحفیظ کھوسو جرمنی میں ان وسیع صنعتی زونز کو یاد کرتے ہیں جو انہوں نے ماحولیات سے متعلق ایک اہم قانونی مقدمہ دائر کرنے کے لیے اپنے دورے کے دوران دیکھے تھے۔

43 سالہ عبدالحفیظ نے ان علاقوں کو اپنے 800 افراد کے گاؤں سے کہیں زیادہ وسیع بتاتے ہوئے کہا کہ ’وہ آلودگی پھیلا رہے ہیں۔ آسمان کی کوئی سرحدیں نہیں، اس کا اثر کہیں بھی ہو سکتا ہے۔ یہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے اس لیے اسے عالمی سطح پر حل کیا جانا چاہیے۔‘

پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے کھوسو عبدالحفیظ اور 38 دیگر کسان، جو 2022 کے ’تباہ کن‘ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے تھے، جرمن انرجی فرم آر ڈبلیو ای اور سیمنٹ بنانے والی کمپنی ہیڈل برگ میٹریلز پرجرمنی میں ہرجانے کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے تاکہ بڑے پیمانے پر آلودگی پھیلانے والوں کو ماحولیاتی اثرات کے نقصانات کی ادائیگی پر مجبور کیا جا سکے۔

ان کمپنیوں کو پاکستان میں ان کے کسی خاص آپریشن کی وجہ سے نہیں بلکہ ماحولیات کو گرم کرنے والے اخراج کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے ہیڈ کوارٹر جرمنی میں ہیں، جہاں ایک حالیہ قانونی مقدمے نے اس طرح کے دعوؤں کے لیے راہ ہموار کی۔

اس مقدمے میں یہ دلیل دی گئی ہے کہ ان کمپنیوں کے اخراج نے موسمیاتی تبدیلیوں میں کردار ادا کیا اور ان بارشوں کو شدت بخشی جس نے ان کی فصلوں، مویشیوں اور گھروں کو تباہ کر دیا۔

عبدالحفیظ کھوسو، جو اپنی بیوی اور چھوٹے بچے کے ساتھ ضلع جیکب آباد میں رہتے ہیں، نے بتایا کہ ’سال 2022 ایک تباہ کن منظر تھا۔ یہاں تک کہ ہمارے بزرگوں نے بھی کبھی ایسا موسم نہیں دیکھا۔‘

’ہمارے پاس کچھ نہیں بچا تھا‘

دونوں کمپنیاں، جن کے بارے میں مدعیوں کا اندازہ ہے کہ انہوں نے عالمی صنعتی اخراج میں بالترتیب 0.68 فیصد اور 0.12 فیصد حصہ ڈالا، کسی بھی غلط کام سے انکار کرتی ہیں۔

عبدالحفیظ کھوسو کے مقدمے کی حمایت پاکستانی اور یورپی تنظیمیں کر رہی ہیں جو معاوضہ جیتنے اور کارپوریشنوں سے ماحولیاتی نقصانات وصول کرنے کی ابتدائی لیکن بھرپور بین الاقوامی کوششوں کو آگے بڑھانے کی امید رکھتی ہیں۔

پاکستان کی ہینڈز ویلفیئر فاؤنڈیشن، جس نے اس مقدمے کے لیے برادریوں کو متحرک کیا، کے ایک ترقیاتی ماہر میر کیریو نے کہا کہ ’ہم ہمیشہ قدرتی آفات کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں، اور بعض اوقات ہم خدا کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں، لیکن سائنس ہمیں بتاتی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی شدید موسمی حالات کے خطرات اور شدت میں اضافہ کر رہی ہے۔

’جنہوں نے اس بحران میں نمایاں کردار ادا کیا ہے انہیں جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ ہمیں احساس ہوا کہ ہمیں ماحولیاتی انصاف کے لیے اپنی لڑائی بڑے پیمانے پر آلودگی پھیلانے والوں تک لے جانی چاہیے۔‘

قرض اور نقصانات

ماحولیاتی قانونی چارہ جوئی عالمی سطح پر ایک بڑھتا ہوا شعبہ ہے، لیکن اب تک اس میں بڑی حد تک حکومتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ ماحولیاتی تباہی کے معاوضے کے لیے شیل اور سیمنٹ بنانے والی کمپنی ہولسیم جیسی صرف مٹھی بھر کمپنیوں کو مقدمات کا سامنا ہے۔

وکلا کا کہنا ہے کہ کسی کمپنی کو اس کے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے تناسب سے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دینا ایک بڑی پیش رفت ہو گی۔

جرمنی کی عدلیہ نے گذشتہ سال پیرو کے ایک کسان کی جانب سے دائر کیے گئے ایک مقدمے میں اس اصول کی جانب قدم بڑھایا تھا، جو کہ آر ڈبلیو ای کے خلاف بھی تھا۔

ان کا معاوضے کا دعویٰ مسترد کر دیا گیا تھا، لیکن عدالتوں نے اخراج کرنے والوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کا دروازہ کھلا چھوڑ دیا۔

دونوں مقدمات میں شامل ایک جرمن وکیل روڈا ورہین نے بتایا کہ پاکستانی کسانوں کا مقدمہ اسی فیصلے پر مبنی ہے اور کمپنیوں پر مزید ’غلط رویے‘ کا الزام عائد کرتا ہے۔

روڈا ورہین نے کہا: ’بڑی کمپنیاں 1960 کی دہائی سے ماحولیاتی تبدیلی کے عمومی اثرات کے بارے میں جانتی تھیں۔

12 ستمبر 2025 کو پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں ہیڈ پنجند کے اوور فلو ہونے کے بعد نشیبی علاقے سیلابی پانی میں ڈوب گئے (اے ایف پی)