دنیا 25 ستمبر 2026 ⏱ 2 min read 👁 594

گول کے جشن میں بندوق کا اشارہ، اسرائیلی فٹ بالر کو میدان سے باہر بھیج دیا گیا

گول کے جشن میں بندوق کا اشارہ، اسرائیلی فٹ بالر کو میدان سے باہر بھیج دیا گیا

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 6:34 شام

اسرائیل کے فارورڈ سعید ابو فرشی کو نیشنز لیگ میں آسٹریا کے خلاف میچ کے دوران گول کرنے کے بعد کارنر فلیگ کو بندوق کی شکل میں استعمال کرنے پر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ آسٹریا نے یہ میچ 3-1 سے جیتا۔

آسٹریا کے شہر لنز کے رائیفائزن ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں ابو فرشی نے 55 ویں منٹ میں گول کرکے اسرائیل کو برابری دلائی۔ اس سے قبل آسٹریا نے میچ کے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل رومانو شمڈ کی پنالٹی کے ذریعے برتری حاصل کی تھی۔

گول کرنے کے بعد 20 سالہ کھلاڑی کارنر فلیگ کی جانب دوڑا، اسے پکڑا اور جشن مناتے ہوئے بندوق چلانے کا اشارہ کیا۔

ریفری نے اس سے چار منٹ قبل ابو فرشی کو یلو کارڈ دکھایا تھا اور جشن منانے پر انہیں دوسرا یلو کارڈ دکھایا، جس کے بعد انہیں ریڈ کارڈ دے دیا گیا۔ اس طرح اسرائیل کو میچ کے باقی حصے میں 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔

آسٹریا نے 90 ویں منٹ میں فلیپ موئنے کے گول کے ذریعے دوبارہ برتری حاصل کرلی۔ انہوں نے پال وانر کے کراس پر گول کیا جبکہ ساسا کالادزچ نے انجری ٹائم میں قریب سے گول کرکے تیسرا گول داغا اور آسٹریا کی فتح یقینی بنادی۔

اسرائیل کا اگلا مقابلہ اتوار کی شام جمہوریہ آئرلینڈ سے ہوگا، جس کے میچ سے قبل کا ماحول تنازع سے بھرا ہوا ہے۔

اسرائیلی فٹ بال ایسوسی ایشن نے آئرلینڈ کے کوچ ہیمیر ہالگریمسن پر ’منافقت اور حماقت‘ کا الزام عائد کیا، جب انہوں نے کہا تھا کہ ان کی ٹیم دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے آئندہ دو میچوں میں ’نسل کشی کے خلاف کھیلے گی‘۔

اسرائیل کے سعید ابو فرشی (دائیں) 24 ستمبر 2026 کو آسٹریا کے شہر لنز میں آسٹریا اور اسرائیل کے درمیان نیشنز لیگ گروپ بی 3 کے فٹ بال میچ کے دوران اپنی ٹیم کا پہلا گول کرنے کے بعد جشن منا رہے ہیں (اے پی)