جرائم 14 اکتوبر 2026 ⏱ 2 min read 👁 298

باڑہ: پی ٹی آئی مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں، متعدد زخمی

باڑہ: پی ٹی آئی مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں، متعدد زخمی

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 10:00 شام

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں منگل کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کے مظاہرے کے دوران پولیس سے جھڑپوں اور آنسو گیس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے، جب کہ حکام نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کے الزام میں 50 افراد کو گرفتار کر لیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عمران خان کی جماعت کے رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی، تاہم صوبائی انتظامیہ نے پولیس کی جانب سے براہ راست فائرنگ کے الزامات کو مسترد کر دیا۔

خیبر پختونخوا میں پولیس کے ایک انٹیلی جنس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ باڑہ میں 200 سے زائد افراد نے مظاہرہ کیا، جسے منتشر کرنے کے لیے سکیورٹی اہلکاروں نے آنسو گیس، لاٹھیوں اور گولیوں کا استعمال کیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

پولیس افسر کے مطابق آنسو گیس اور لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین دوبارہ جمع ہوئے، پولیس اہلکاروں کو پکڑا اور ان پر تشدد کیا۔

ان کے بقول: ’دیگر اہلکاروں نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی، جب کہ مظاہرین کی جانب سے پولیس کے ہتھیار چھیننے کی کوشش پر مزید وارننگ شاٹس بھی فائر کیے گئے۔‘

اے ایف پی نے پولیس افسر کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ اور پتھراؤ کے واقعات میں 11 مظاہرین زخمی ہوئے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے مقامی رہنما خورشید آفریدی نے اے ایف پی کو بتایا کہ پولیس نے مظاہرین کے ہجوم پر براہ راست فائرنگ کی، جس سے جماعت کے ایک درجن سے زائد کارکن شدید زخمی ہوئے۔

صوبائی انتظامیہ کی ترجمان ثمر ہارون بلور نے روئٹرز کو تحریری جواب میں پولیس کی جانب سے براہ راست فائرنگ کے الزامات کو ’بے بنیاد اور لغو‘ قرار دیا۔