اسلام آباد لانگ مارچ، ’یہ ٹیسٹ میچ ہوگا اور ہم ہی جیتیں گے‘: سہیل آفریدی
اسلام آباد لانگ مارچ، ’یہ ٹیسٹ میچ ہوگا اور ہم ہی جیتیں گے‘: سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پیر کو کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 27 ستمبر کو اسلام آباد میں پرامن احتجاج کرے گی اور یہ مختصر نہیں بلکہ ٹیسٹ میچ کی طرح طویل ہو گا جس میں ہم کامیاب ہوں گے۔
پشاور میں دیگر پی ٹی آئی رہمناؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں سہیل آفریدی نے کہا:’ہمارے ہاتھوں میں کچھ نہیں ہوگا، ہم سیاسی قوت ہیں اور مسئلہ سیاسی طریقے سے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔‘
پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے 18 ستمبر کو کہا تھا کہ حکومت اسلام آباد کی جانب مارچ کو ’ہر ممکن طریقے سے‘ روکے گی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس حوالے سے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر کسی نے فورسز پر فائرنگ کی تو اہلکار خاموش نہیں رہیں گے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں دارالحکومت یا کسی دوسرے صوبے میں بدامنی کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے وزیر داخلہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم بندوق سے مقابلہ نہیں کر رہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پاس بندوق نہیں کہ گولی چلائیں، جبکہ کابینہ ارکان پر گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور بانی پی ٹی آئی کبھی نہیں جھکے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو بھی کل ’اغوا‘ کیا گیا ہے۔
