’آپ کون ہیں؟ آپ کو کیا مسئلہ ہے؟‘: ٹرمپ صحافی پر برس پڑے
’آپ کون ہیں؟ آپ کو کیا مسئلہ ہے؟‘: ٹرمپ صحافی پر برس پڑے
اوول آفس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غصے میں بھڑک اٹھنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ذہنی حالت کے بارے میں ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
منگل کو صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران ٹرمپ بار بار وائٹ ہاؤس میں دی انڈپینڈنٹ کے رپورٹر اینڈریو فائن برگ پر برستے رہے۔ انہوں نے فائن برگ کو چپ رہنے کا حکم دیا، ’خبردار رہنے‘ کی تنبیہ کی اور انہیں ’بیمار شخص‘ قرار دیا۔
ریزولیوٹ ڈیسک کے پیچھے بیٹھے ٹرمپ نے کہا: ’رکیں، رکیں، رکیں، رکیں۔ خاموش، خاموش۔ آپ کو کیا مسئلہ ہے؟ کیا آپ بیمار ہیں؟ مجھے تو واقعی لگتا ہے کہ آپ کے ساتھ کچھ گڑبڑ ہے۔‘
اس تکرار اور فائن برگ کے ساتھ ٹرمپ کی دیگر جھڑپوں کی ویڈیوز دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ انہیں لاکھوں بار دیکھا گیا اور ہزاروں لوگوں نے تبصرے کیے۔ ٹرمپ پہلے بھی صحافیوں پر برستے رہے ہیں اور انہیں ’غدار‘، ’بے وقوف‘ اور ’بدتمیز‘ کہہ چکے ہیں، لیکن منگل کو ان کے غصے کی شدت دیکھ کر بہت سے صارفین حیران رہ گئے۔
ترقی پسند سیاسی حکمت عملی ساز کرس سوسا نے ایکس پر لکھا: ’واقعی خوف زدہ کر دینے والا منظر ہے۔‘ ریاست الینوئے سے ری پبلکن پارٹی کے سابق رکن کانگریس ایڈم کنزنگر نے لکھا: ’ٹرمپ بیمار آدمی ہیں۔ واقعی کچھ نہ کچھ گڑبڑ ہے۔‘
کئی تبصرہ کرنے والوں نے دعویٰ کیا کہ 80 سالہ صدر کی ذہنی صلاحیتیں کمزور پڑنے کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔ وائٹ ہاؤس ایسے دعوے بار بار مسترد کرتا آیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ٹرمپ امریکی تاریخ کے ’سب سے تیز ذہن‘ صدر ہیں۔
