امریکہ میں ویڈیو گیم کے ذریعے مغوی لڑکی بازیاب
امریکہ میں ویڈیو گیم کے ذریعے مغوی لڑکی بازیاب
اطلاعات کے مطابق امریکی ریاست یوٹاہ میں اپنے گھر سے لاپتہ ہونے کے بعد 521 دن تک قید رہنے والی نوعمر لڑکی بالآخر آن لائن ویڈیو گیم ’اَمنگ اَس‘ (Among Us) کا استعمال کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔
29 مئی 2025 کو جب یہ لڑکی گارڈن سٹی سے لاپتہ ہوئی تو اس کی عمر 15 سال تھی، جس کے بعد ملک گیر سطح پر مختلف اداروں نے اس کی تلاش شروع کر دی۔ یہ تلاش تقریباً 18 ماہ بعد اس سال یکم نومبر کو اس وقت ختم ہوئی، جب اس نوعمر لڑکی کو بالآخر اوریگون کے شہر ہنٹنگٹن کے ایک گھر سے بازیاب کروا لیا گیا۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔
اس واقعے کے بعد 39 سالہ ایڈم ہنٹر ہارمل کو گرفتار کر کے ان پر ایک نابالغ کو مجرمانہ جنسی سرگرمیوں کے لیے دوسری ریاست لے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے، یہ ایک ایسا جرم ہے جس کے ثابت ہونے پر کم از کم 10 سال قید کی لازمی سزا ہے۔
ڈسٹرکٹ آف یوٹاہ کے امریکی اٹارنی آفس نے ایک بیان میں کہا کہ ایڈم ہنٹر ہارمل کی گذشتہ سال ابتدائی طور پر اس لڑکی سے سوشل میڈیا پر ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد وہ اسے ریاستی سرحدیں پار کر کے اپنے گھر لے گئے، جہاں مبینہ طور پر انہوں نے لڑکی کو قید رکھا۔
فاکس 13 سالٹ لیک سٹی کی جانب سے نقل کی گئی ایک وفاقی مجرمانہ شکایت کے مطابق، استغاثہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کو ایڈم ہنٹر ہارمل کے بستر پر دیوار کے ساتھ سونے پر مجبور کیا گیا اور انہوں نے اسے ریپ کا نشانہ بنایا۔
اس شکایت میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ ہارمل نے اس نوعمر لڑکی کو پلاس کی مدد سے اپنے دانتوں سے بریسز نکالنے پر مجبور کیا تاکہ اس کی شناخت مزید مشکل ہو سکے۔
وہ گھر جہاں ملزم ایڈم ہنٹر ہارمل نے 15 سالہ لڑکی کو قید کر رکھا تھا (گوگل سٹریٹ ویو)
