سعودی عرب 13 نومبر 2026 ⏱ 3 min read 👁 612

سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم ’قطعی اور ناقابل سمجھوتہ‘ ہے: ترجمان پاکستانی فوج

سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم ’قطعی اور ناقابل سمجھوتہ‘ ہے: ترجمان پاکستانی فوج

پاکستان فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سکیورٹی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے حوالے سے پاکستان کا عزم ’قطعی اور ناقابل سمجھوتہ‘ ہے۔

یہ بیان یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے مملکت پر جاری حملوں کے پیش نظر سامنے آیا ہے جن میں  توانائی، ہوا بازی اور شہری بنیادی ڈھانچے کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ 

جمعرات کو سعودی شہری دفاع نے بتایا کہ مکہ کی فضا میں دو بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے گئے۔

پاکستان اور سعودی عرب نے گذشتہ سال ستمبر میں ایک دو طرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے بعد سات اگست کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے۔ دونوں معاہدوں میں کسی ایک رکن پر حملے کو تمام ارکان پر حملہ تصور کیا جاتا ہے۔

عربی اخبار ’الشرق الاوسط‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے موجودہ حالات کے پیش نظر مملکت کے دفاع کے لیے تمام ضروری دفاعی اقدامات اٹھانے کے لیے پاکستان کی تیاری پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سکیورٹی ایک اولین اور ناقابل سمجھوتہ ترجیح ہے۔‘

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ ’اسلام آباد دفاعی مقاصد کے لیے درکار ہر طرح کی معاونت فراہم کرتا رہے گا، چاہے وہ فوجی اہلکاروں، فوجی صلاحیتوں، تربیت، یا لاجسٹک معاونت کی صورت میں ہو۔‘

رپورٹ کے مطابق احمد شریف چوہدری نے سعودی عرب میں پاکستانی افواج اور فوجی صلاحیتوں کے حوالے سے انکشاف کیا کہ مملکت میں پاکستانی فوجی پہلے سے موجود ہیں، جو مختلف حیثیتوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کے بنیادی مشنز دفاعی معاونت، مشقوں اور جنگی حکمت عملی پر مشتمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مکہ اتحاد کی ذمہ داریوں پر عملی عمل درآمد کا آغاز سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حالیہ حملوں کے بعد ہوا ہے، جن سے پاکستان میں ’گہری تشویش‘ پیدا ہوئی ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب نے گذشتہ سال ستمبر میں ایک دو طرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستانی فوجی ترجمان نے ایئرپورٹس، شہروں اور شہری اور معاشی بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی اسلام آباد کی جانب سے شدید مذمت کا اعادہ کیا اور انہیں سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی استحکام کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیا۔

ایران کے ساتھ بات چیت کے بارے میں انہوں نے وضاحت کی کہ 26 اکتوبر کو تہران میں مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد اور ایران کے نمائندوں کے درمیان ہونے والی ملاقات کا مقصد ’کشیدگی کم کرنے اور علاقائی تعاون بڑھانے کے لیے ایک فریم ورک‘ قائم کرنا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نشاندہی کی کہ ملاقات میں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت کے ساتھ ساتھ چند دن قبل ان کا دورہ تہران، خطے کے تنازعات کے پرامن حل اور بات چیت کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شرکا نے کسی اور مخصوص معاہدے کا انکشاف کیے بغیر، ’چاروں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے حصول میں کردار ادا کرنے کے لیے بات چیت جاری رکھنے‘ پر اتفاق کیا۔