
کوپ 31: وزیراعظم ترکی میں، موسمیاتی مالی معاونت بڑھانے پر زور دیں گے
کوپ 31: وزیراعظم ترکی میں، موسمیاتی مالی معاونت بڑھانے پر زور دیں گے
وزیراعظم محمد شہباز شریف ماحولیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کی 31ویں کانفرنس آف دی پارٹیز (کوپ 31) کے لیڈرز سمٹ میں شرکت کے لیے ترکی کے شہر انطالیہ میں موجود ہیں، جہاں آج وہ اپنے خطاب میں ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی مالی معاونت میں اضافے پر زور دیں گے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔
وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق منگل کو انطالیہ پہنچنے پر ترکی کے نائب وزیر برائے ثقافت و سیاحت گوکھان یازگی، ترکی کے لیے پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ اور اعلیٰ ترک حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بدھ کو ترکی میں ہونے والے کوپ 31 سربراہی اجلاس سے خطاب میں عالمی رہنماؤں پر زور دیں گے کہ وہ ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی مالی معاونت میں اضافہ کریں۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif being received by Mr. Gökhan Yazgı, Deputy Minister of Culture and Tourism of Türkiye upon arrival at Antalya, Türkiye. https://t.co/d0DwQC6B0I
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) November 10, 2026
پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی آفات سے نمٹنے اور صاف توانائی کی جانب منتقلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے عالمی برادری سے زیادہ تعاون کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان کو تباہ کن سیلابوں، شدید گرمی اور پانی کی قلت سمیت موسمیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، حالانکہ عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے۔
پاکستان بارہا مطالبہ کر چکا ہے کہ امیر ممالک کمزور معیشتوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے میں مدد دینے کے لیے زیادہ قابل رسائی مالی معاونت فراہم کریں تاکہ ان پر قرضوں کا بوجھ مزید نہ بڑھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 انطالیہ لیڈرز سمٹ سے خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کی ماحولیاتی ترجیحات کو اجاگر کریں گے اور طے شدہ اصولوں کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کو تیز کرنے اور بین الاقوامی تعاون مضبوط بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیں گے۔
وزیراعظم کلین انرجی ٹرانزیشن اینڈ الیکٹریفکیشن کے اعلیٰ سطح کے مکالمے سے بھی خطاب کریں گے، جس کا عنوان ’35 بائی 35: پاورنگ دی فیوچر‘ ہے۔
سمٹ کے موقعے پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے وزیراعظم کی ترک صدر رجب طیب اردوغان اور کوپ 31 میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
کوپ 31 کے مقام پر ’پاکستان پویلین‘ قائم کیا گیا ہے جہاں مختلف موضوعات پر 54 تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
گذشتہ کوپ اجلاسوں کے نتائج میں پاکستان کی شراکت میں دیگر اقدامات کے علاوہ وہ فعال ماحولیاتی سفارت کاری بھی شامل ہے، جس کے نتیجے میں کوپ 27 کے دوران لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ قائم ہوا تھا۔
