دنیا 10 نومبر 2026 ⏱ 2 min read 👁 357

پولیو کے خلاف مہم سے خواتین کے حقوق تک: آٹھ پاکستانی نوجوانوں کے لیے ڈیانا ایوارڈ

پولیو کے خلاف مہم سے خواتین کے حقوق تک: آٹھ پاکستانی نوجوانوں کے لیے ڈیانا ایوارڈ

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 4:21 شام

پاکستان کے آٹھ نوجوانوں کو سماجی شعبے میں خدمات کے اعتراف میں ڈیانا ایوارڈ برائے 2026 سے نوازا گیا ہے۔

ان نوجوانوں کے اقدامات میں پولیو کی روک تھام، لڑکیوں کی تعلیم سے لے کر قانونی معاونت، آفات کے بعد بحالی اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔

ڈیانا ایوارڈ کی چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر ٹیسی اوجو نے 4 نومبر کو ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے ناموں کے اعلان کے موقعے پر جاری بیان میں کہا: ’ہمیں دنیا بھر سے اس سال ڈیانا ایوارڈ حاصل کرنے والے نوجوانوں کو سراہنے پر بے حد فخر ہے۔‘

انہوں نے کہا: ’دنیا کے بعض سنگین ترین مسائل سے نمٹنے کے لیے ان کی ہمت، ہمدردی اور عزم اس بات کی ایک طاقتور یاد دہانی ہے کہ نوجوان آج کے دور میں تبدیلی لانے والے ہیں۔‘

1999 میں شہزادی ڈیانا کی یاد میں قائم کیا گیا یہ ایوارڈ سماجی سرگرمیوں اور انسانی ہمدردی کے کاموں میں خدمات انجام دینے والے نوجوانوں کو دیا جاتا ہے۔

اس ایوارڈ کی سرپرستی شہزادی ڈیانا کے صاحبزادے شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کرتے ہیں اور اس سال 44 ممالک کے 198 نوجوانوں کو اس اعزاز سے نوازا گیا۔

ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں 24 سالہ پاکستانی سارہ علی بھی شامل ہیں، جو پاکستان پولیو پروجیکٹ کی بانی ہیں۔ یہ منصوبہ ویکسین سے متعلق غلط معلومات کا تدارک کرنے، حفاظتی ٹیکوں پر عوام کا اعتماد بڑھانے اور طبی عملے کے صفِ اول کے کارکنوں کی معاونت کے لیے کام کرتا ہے۔

ڈیانا ایوارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق: ’کمیونٹی کی سطح پر رابطوں کے ذریعے سارہ نے 100 سے زائد رضاکاروں کو خاندانوں میں آگاہی پیدا کرنے، حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت اجاگر کرنے اور پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی کوششوں میں پیش رفت کے لیے کام کرنے کی ترغیب دی ہے۔‘