دنیا 7 نومبر 2026 ⏱ 3 min read 👁 753

فلمی دنیا میں بڑھتی عمر کا خوف اور دو خوش قسمت ہیرو

فلمی دنیا میں بڑھتی عمر کا خوف اور دو خوش قسمت ہیرو

📰 انڈیپنڈنٹ اردو 🕐 8:33 شام

برطانوی اداکار مائیکل کین 1960 کی دہائی میں اپنے مخصوص فیشن کے باعث سٹائل آئیکون سمجھے جاتے تھے۔ موٹے فریم کی عینک، نفاست سے سلے سوٹ، باریک ٹائی، تنگ کالر والی شرٹس اور سلیقے سے سنوارے ہوئے بال ان کی پہچان تھے۔ ان کا انداز ایک ایسے شہری نوجوان کا تھا جو لباس میں بناوٹ کے بجائے نفاست، سادگی اور خود اعتمادی کو ترجیح دیتا ہے۔

تقریباً 60 برس کی عمر میں انہیں ایک ایسا تجربہ ہوا جس نے انہیں ہلا کر رکھ ڈالا۔

انہیں ایک فلم کا سکرپٹ بھیجا گیا۔ پڑھنے کے بعد انہوں نے پروڈیوسر کو واپس بھجوا دیا اور کہا کہ اس میں میرا کردار بہت چھوٹا ہے۔

پروڈیوسر نے سکرپٹ دوبارہ بھیجا اور ساتھ ایک نوٹ لکھا کہ وہ رومانوی عاشق نہیں بلکہ لڑکی کے والد کا کردار ادا کرنے والے ہیں، کہانی میں اتنی ہی گنجائش ہے۔

مائیکل کین کو محسوس ہوا کہ اب وہ اس عمر میں پہنچ گئے ہیں جہاں فلمی دنیا انہیں رومانوی ہیرو کے طور پر قبول کرنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے بعد میں ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہیں لگا شاید ان کا فلمی کیریئر ختم ہو چکا ہے۔ وہ میامی منتقل ہو گئے، ایک ریستوران کھولا اور اپنی سوانح عمری لکھنے لگے۔

میامی کی بھول بھلیوں میں گم مائیکل کو ایک دن جیک نکلسن کا خط اور ایک فلم (بلڈ اینڈ وائن) کا سکرپٹ ملتا ہے۔ جیک انہیں سمجھاتے ہیں کہ اداکاری چھوڑنے کے بجائے اپنے کرداروں کی نوعیت بدلنے پر غور کریں۔ یہ نئی اننگز تمہارے لیے نئی شناخت کا موقع ثابت ہو گی۔

مائیکل کین نے ایسا ہی کیا، جس کے بعد معاون کرداروں میں اپنی صلاحیت منواتے ہوئے دو مرتبہ آسکر ایوارڈ حاصل کیا۔

یہ تو رہی ہالی وڈ کی بات، اب رخ کرتے ہیں بمبئی کی فلم نگری کا جہاں ستر کی دہائی میں راجیش کھنہ سپر سٹار کا پروٹوکول انجوائے کر رہے تھے۔ سٹارڈم کھونے کے بعد جب معاون کرداروں کی پیشکش ہونے لگی تو انہوں نے صاف انکار کر دیا۔

وہ کبھی بھی اپنی پرانی سپر سٹار والی شناخت سے باہر نہیں نکل سکے۔ وہ معاون کردار قبول کرنے میں ہچکچاتے تھے، اس کے مقابلے میں امیتابھ نے بروقت اپنے کردار تبدیل کر لیے۔

پانچ سالہ بریک کے بعد جب دلیپ کمار نے ’کرانتی‘ سے واپسی کی تو انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ شبانہ اعظمی کے بقول، دلیپ کمار لاکھوں لوگوں کی جوانی کا خواب ہیں، وہ پچھلی عمر یہ کیا کرنے جا رہے ہیں۔

لوگوں کی تنقید کو سائیڈ پہ رکھتے ہوئے دلیپ صاحب نے دوسری اننگز انتہائی کامیابی سے کھیلی۔ ’شکتی‘ جیسی عمدہ فلم اور ’گاڑی روکو بھائی‘ جیسے لازوال سین ایک نئے دلیپ کمار کا پتہ دیتے ہیں۔

پہلے فلمیں ریکھا جیسے بڑے ناموں سے چلتی تھیں لیکن اب نہیں۔ بالی وڈ اداکارہ ریکھا 7 جولائی 2026 کو ممبئی میں فلم پروڈیوسر بونی کپور کی بیٹی انشولا کپور کی شادی کی تقریب میں شرکت کر رہی ہیں (سُجیت جیسوال/اے ایف پی)