تین ریپ مقدمات کا سامنا کرنے والے برطانوی اداکار کے ساتھ کھڑی خاتون کون ہیں؟
تین ریپ مقدمات کا سامنا کرنے والے برطانوی اداکار کے ساتھ کھڑی خاتون کون ہیں؟
جب برطانوی کامیڈین، اداکار، مصنف، براڈکاسٹر اور پوڈکاسٹ میزبان رسل برانڈ مبینہ گینگ ریپ کے مقدمے کے پہلے روز ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ پہنچنے کے لیے سیاہ شیشوں والی ایک وین سے باہر نکلے تو ان کے ساتھ دو افراد موجود تھے۔
ان میں سے ایک مضبوط جسامت کا سکیورٹی گارڈ تھا جبکہ دوسری ان کی بیوی لورا تھیں، جو تقریباً ایک دہائی سے ان کے ساتھ ہیں اور عدالت جاتے ہوئے ان کا ہاتھ مضبوطی سے تھامے ہوئے تھیں۔
دونوں میاں بیوی نے کیمروں کی چمک سے بچنے کے لیے دھوپ کے چشمے پہن رکھے تھے اور عدالت کے باہر موجود صحافیوں کے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔ اس وقت کامیڈین کو تین ریپ، تین جنسی حملوں اور ایک غیر اخلاقی حملے کے الزامات کا سامنا ہے۔
یہ الزامات چھ خواتین کی جانب سے لگائے گئے ہیں اور ان کا تعلق 1999 سے 2009 تک کے ایک عشرے پر محیط ہے۔ برانڈ نے تمام الزامات سے انکار کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔
اگرچہ لورا نے گذشتہ تین برسوں کا زیادہ تر وقت عوامی نظروں سے دور گزارا ہے، بلکہ یہ کہنا بھی درست ہوگا کہ وہ برطانیہ سے بھی دور رہی ہیں کیونکہ یہ جوڑا امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ماگا (MAGA) حامی علاقوں میں منتقل ہو چکا ہے، تاہم گذشتہ چند ماہ 38 سالہ مصنفہ اور مصورہ کے لیے ایک بڑی تبدیلی کا دور ثابت ہوئے ہیں۔
ایک بات تو یہ ہے کہ سکاٹ لینڈ کے معروف گالف کھلاڑی برنارڈ گیلیکر کی سب سے چھوٹی بیٹی اب اپنے شوہر کی طرح نئی مذہبی وابستگی اختیار کرنے والی مسیحی دکھائی دیتی ہیں۔ ان کے شوہر رسل برانڈ کو بھی 2024 میں ٹی وی مہم جو بیئر گرلز کی مدد سے دریائے ٹیمز میں بیپٹائز کیا گیا تھا۔
گذشتہ کئی مہینوں سے لورا شوہر رسل کے ساتھ مشترکہ طور پر اپنے گھر میں ریکارڈ ہونے والے ہفتہ وار پوڈکاسٹ ’سنڈے سروس‘ پیش کر رہی ہیں۔
ان اقساط میں دونوں اپنے مسیحی مذہب پر گفتگو کرتے ہیں، بائبل کی کہانیاں بیان کرتے ہیں اور دعائیں شیئر کرتے ہیں۔ یوٹیوب پر جاری کیے گئے کلپس دو حصوں والی سکرین میں دکھائے جاتے ہیں، جہاں ایک طرف عہد نامہ قدیم کی کہانیوں پر مبنی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ عجیب و غریب ویڈیوز چلتی ہیں جبکہ دوسری طرف جوڑے کی گفتگو کی ویڈیو ہوتی ہے۔
جون میں رسل برانڈ کے یوٹیوب چینل پر لورا کی ایک جھلک (یوٹیوب / رسل برانڈ)
