ارجنٹینا سے ریٹائرمنٹ کیریئر کا ’سب سے افسردہ دن‘ ہے: میسی
ارجنٹینا سے ریٹائرمنٹ کیریئر کا ’سب سے افسردہ دن‘ ہے: میسی
لیونل میسی نے منگل کو بینن کے خلاف 3-0 کی فتح کے ساتھ ارجنٹینا کے لیے اپنا آخری میچ کھیلنے کے بعد بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کو اپنے ’کیریئر کا سب سے افسردہ دن‘ قرار دیا۔
دارالحکومت بیونس آئرس کے مونومنٹل سٹیڈیم کے باہر اور اندر شائقین کی بڑی تعداد لیونل میسی کا الوداعی میچ دیکھنے کے لیے جمع ہوئی۔ ارجنٹینا نے اس دوستانہ میچ میں نہ صرف بینن کو شکست دی بلکہ سٹار پلیئر میسی نے گول بھی کیا اور دو گولوں میں معاونت فراہم کی۔
میچ کے بعد وہ میدان میں آئے اور ارجنٹینا کے ساتھ اپنے 21 سالہ کیریئر پر نظر ڈالتے ہوئے مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔
میچ کے بعد میسی کو ٹریبیوٹ دینے کے لیے آسمان پر ڈرونز کی مدد سے مختلف شکلیں بھی بنائی گئیں، جن میں فٹ بال کا ڈیزائن نمایاں تھا۔ شائقین کے مطابق یہ میسی کے لیے ایک خوبصورت اور جذباتی الوداع تھا۔
میسی نے سٹیڈیم میں موجود شائقین سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’20 سال سے زیادہ عرصے تک اس جرسی کا دفاع کرنا میرے لیے بے حد فخر کا باعث رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’ہم جن بدترین لمحات سے گزرے اور جن مشکلات کا مجھے سامنا کرنا پڑا، ان کے باوجود میں نے کبھی جدوجہد نہیں چھوڑی، کبھی یہاں موجود رہنا نہیں چھوڑا۔‘
ارجنٹینا کے شہر روزاریو میں واقع نیشنل فلیگ میموریل پر قومی فٹ بال ٹیم سے لیونیل میسی کے الوداع کے موقع پر ایک دیوہیکل شرٹ بنائی گئی ہے۔ یہ فضائی تصویر ارجنٹینا اور بینن کے درمیان کھیلے جانے والے بین الاقوامی دوستانہ میچ سے ایک روز قبل پانچ اکتوبر 2026 کو لی گئی (مارسلو مانیرا/ اے ایف پی)
