94- الھادی
Al-Hadi
الھادی نام کا مطلب
الھادی نام کا مطلب ہے سیدھا راستہ دکھانے اور اس پر چلانے والا
الھادی نام کی تفصیل بحوالہ قرآن و حدیث
ہَدَاہُ، یَھْدِیْہِ، ہُدًی، وَہَدْیًا وَہَدَایَۃً وَہَدْیَہ۔ بمعنی ارشدہ وضد اضلۃ ہدایت کے معنی ہیں ۔ دلالت بلطف۔
اللہ تعالیٰ کی ہدایت کے چار مراتب ہیں ۔
۱۔ وہ ہدایت جو ہر ایک مخلوق جمادات، نباتات و حیوانات کو حاصل ہے اور جس سے ہر ایک شے اپنی مقتضیاتِ فطرت کو اور ترقیاتِ جبلی کو پورا کرتی ہے۔
اس ہدایت کا ذکر اس آیت میں ہے:
﴿رَبُّنَا الَّذِیْٓ اَعْطٰی کُلَّ شَیْئٍ خَلْقَہٗ ثُمَّ ہَدٰی﴾ (طٰہٰ: ۵۰)
’’ہمارا رب وہ ہے جس نے ہر ایک کو اس کی خاص صورت عنایت فرمائی اور پھر اس کی راہنمائی فرمائی۔‘‘
۲۔ وہ ہدایت جس کی تبلیغ انبیاء علیہم السلام نے کی اور جس کی طرف مکلفین کو دعوت دی گئی اس کا ذکر اس آیت میں ہے۔
﴿وَ جَعَلْنَا مِنْہُمْ اَئِمَّۃً یَّہْدُوْنَ﴾ (السجدۃ: ۲۴)
’’اور ہم نے ان میں سے ایسے پیشوا بنائے تھے جو ہمارے حکم سے لوگوں کو ہدایت کرتے تھے۔‘‘
۳۔ وہ ہدایت جس کے معنی توفیق ہیں ، جس سے بعض عباد کو خصوصیت حاصل ہوتی ہے۔ اس کا ذکر ان آیت میں ہے:
(ا)۔ ﴿وَالَّذِیْنَ اہْتَدَوْا زَادَہُمْ ہُدًی﴾ (محمد: ۱۷)
’’اور جو لوگ ہدایت یافتہ ہیں اللہ نے انہیں ہدایت میں اور بڑھا دیا ہے۔‘‘
(ب)۔ ﴿وَمَنْ یُّؤْمِنْ بِاللّٰہِ یَہْدِ قَلْبَہُ﴾ (التغابن: ۱۱)
’’اور جو اللہ پر ایمان لائے اللہ اس کے دل کو ہدایت دیتا ہے۔‘‘
(ج)۔ ﴿اِنَّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ یَہْدِیْہِمْ رَبُّہُمْ بِاِیْمَانِہِمْ﴾ (یونس: ۹)
’’یقینا جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک کام کیے ان کا رب ان کے ایمان کے سبب ان کے مقصود تک پہنچا دے گا۔‘‘
(د)۔ ﴿وَ الَّذِیْنَ جَاہَدُوْا فِیْنَا لَنَہْدِیَنَّہُمْ سُبُلَنَا ﴾ (العنکبوت:۶۹)
’’جو لوگ ہماری راہ میں مشقتیں برداشت کرتے ہیں ہم انہیں اپنی راہیں ضرور دکھائیں گے۔‘‘
اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو کیسے ہدایت دے گا جو اپنے ایمان لانے اور رسول کی حقانیت کی گواہی دینے کے بعد کافر ہو جائیں ۔
اس صراحت کے بعد ناظرین کو آیات ذیل کا توافق بھی معلوم ہو جائے گا۔
(ا)۔ ﴿اِِنَّکَ لَتَہْدِیْ اِِلٰی صِرَاطٍ مُسْتَقِیْمٍ﴾ (الشوریٰ: ۵۲)
(ب)۔ ﴿اِنَّکَ لَا تَہْدِیْ مَنْ اَحْبَبْتَ﴾ (القصص: ۵۶)
آیت اوّل کا تعلق ہدایت نمبر ۲ سے ہے اور آیت دوم کا تعلق ہدایت نمبر ۳ سے ہے۔ نبی اللہ کا کام تبلیغ و دعوت فرمانا ہے اور اللہ تعالیٰ کا کام توفیق عطا فرمانا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہادی ہے۔
۴۔ وہ ہدایت ہے جو آخرت میں اہل ایمان کو حاصل ہوگی۔ اپنے رب کو پہچانیں گے۔ راہ جنت سے واقف ہوں گے۔ املاک اور اہل بیت جنت کی شناخت کریں گے۔ اس ہدایت کا ذکر ان آیات میں ہے۔
(ا)۔ ﴿سَیَہْدِیْہِمْ وَیُصْلِحُ بَالَہُمْ﴾ (محمد: ۵)
اللہ تعالیٰ ہادی ہے وہی بندوں کی اصلاح اور امورِ معاش کی ہدایت فرماتا ہے۔
(ب)۔ ﴿وَ نَزَعْنَا مَا فِیْ صُدُوْرِہِمْ مِّنْ غِلٍّ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِہِمُ الْاَنْہٰرُ وَ قَالُوا الْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ ہَدٰینَا لِہٰذَا﴾ (الاعراف: ۴۳)
اللہ تعالیٰ ہادی ہے اور وہی انبیاء کو حقائق اصلیہ اور حق محبت کی حقیقت سے آگاہ فرماتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہادی ہے اور وہی کشف والہام سے مخلصین کی ہدایت فرماتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہادی ہے عقل و حکمت سے اربابِ دانش کو ہدایت فرماتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہادی ہے اور وہی توفیق خیر سے اہل طاعت کے قلوب کو معرفت کی ہدایت فرماتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہادی ہے اور وہی استعداد فطرت کی عطا و دہش سے ہر مخلوق کی ہدایت فرماتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہادی ہے اور وہی مشکلات ومصائب میں جبکہ عقل و ہوش ماری جاتی ہے اپنی طرف رجوع کرنے والوں کی ہدایت فرماتا ہے۔
AL-HADI MEANING IN ENGLISH
The Guide, The One whom with His Guidance His believers were guided, and with His Guidance the living beings have been guided to what is beneficial for them and protected from what is harmful to them