دل میں ہے خیال رخ نیکوئے محمد

دل میں ہے خیال رخ نیکوئے محمدﷺ
اللہ کے گھر میں ہے بسی بوئے محمدﷺ

کیا رنگ تصور ہے کہ ہر سانس سے مل کر
آتی ہے ہوائے چمن کوئے محمدﷺ

لے جائے اجل جان کی پروا نہیں مجھ کو
ہے تار رگ جاں مجھے ہر سوئے محمدﷺ

آ جائے نظر راہ میں گر نقش کف پا
آنکھوں سے چلوں میں طرف کوئے محمدﷺ

تولا ہے بہت جانچ کے ارباب نظر نے
ہیں شمس و قمر سنگ ترازوے محمدﷺ

البر ہے، دل آرام ہے، دلدار ہے وہ دل
جس دل میں ہے یاد رخ دلجوئے محمدﷺ

سینے سے لگاوں میں امیر آنکھوں میں رکھوں
ہیں پھول مجھے خار و خس کوئے محمدﷺ

 امیر مینائی

Previous نگاہ عاشق کی دیکھ لیتی ہے پردہ میم کو اٹھا کر Next آنسو مری آنکھوں میں نہیں آئے ہوئے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے