
سال کا اختتام قریب، فلمی ایوارڈز کی گیم آن ہے
سال کا اختتام قریب، فلمی ایوارڈز کی گیم آن ہے
بالی وڈ میں نومبر کے آتے ہی مختلف ایوارڈز کی نامزدگیوں پر کام شروع ہو جاتا ہے۔ دوسری جانب سال کے آخری لمحات میں فلم سازوں کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی تخلیقات کو کرسمس کے موقع پر سینیما گھروں کی زینت بنائیں یا پھر اگر کوئی بڑی کاسٹ والی فلم سینیما گھر میں لگ رہی ہے تو اپنی تخلیق کے لیے اگلے سال کا انتظار کریں۔
رواں سال ختم ہونے میں تقریباً آٹھ ہفتوں کا فاصلہ رہ گیا ہے تاہم سال 2026 کے جاتے جاتے دو بڑی فلموں کی نمائش متوقع ہے۔ ان میں ایک سنی دیول کی ’سوریا‘ ہے تو دوسری شاہ رخ خان کی ’کنگ‘ جو دسمبر میں پیش کی جاسکتی ہے۔ ان کے علاوہ جنوبی انڈیا سے ڈب فلمیں بھی ہیں۔ بہرحال اس وقت تو اب تک ریلیز ہونے والی فلموں اور ان سے جڑے شعبہ جات کی شخصیات کی کارکردگی کو جانچا جا رہا ہے جس کے بعد آنے والے ہفتوں میں ایوارڈ نامزدگیوں کے اعلانات شروع ہو جائیں گے۔
اس سال مقبولیت اور کمائی کے اعتبار سے گنتی کی فلمیں ہیں۔ ان میں دھرویندر دی ریوینج، مرزا پور ، بارڈر2، درشیم 3 اور دھمال 4 نمایاں ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بیشتر فلمیں کسی نہ کسی فلم کا سیکوئل ہی ہیں۔ منصفین سر جوڑ کر بیٹھنے والے ہیں کہ سال 2026 میں کس اداکار یا فلم یا گیت یا گلوکار کی نامزدگی کی جائے۔
ایک زمانے میں بالی وڈ میں سب سے معتبر اور قابل فخر ایوارڈ کے لیے ’فلم فئیر ایوارڈ‘ کو خاص مقام حاصل رہا ہے۔ 1954 سے جاری ہونے والے ان ایوارڈز کی اہمیت کا اندازہ یوں لگایا جا سکتا ہے کہ انہیں انڈیا کے قومی ایوارڈ پر فوقیت حاصل رہی۔ گلوکار ہو یا اداکار یا ہدایت کار ان کی دلی آرزو رہتی کہ ان کے ڈرائینگ روم میں فلم فئیر ایوارڈ سج جائے۔ اسی ایوارڈ سے جڑے ریکارڈز ہوتے جو کسی بھی فلمی شخصیت کے لیے اعزاز کی بات بن جاتے۔
سارا سال اداکار، گلوکار اور موسیقار فلم فئیر ایوارڈ کے حصول کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں استعمال کرتے اور جب ان میں سے کسی کا نام سٹیج سے پکارا جاتا تو انہیں یہ ہی احساس ہوتا کہ جیسے محنت کا پھل مل گیا۔ اگر یہ کہا جائے تو بے جا بھی نہ ہوگا کہ فلم فئیر ایوارڈ کو بالی وڈ میں بالکل وہی حیثیت حاصل رہی ہے جو ہالی وڈ میں آسکر کو ہے۔ اسی کے ساتھ ’سکرین ایوارڈز‘ بھی ہوتے تھے۔ عموماً جن اداکاروں کو فلم فئیر ایوارڈ نہیں ملتا وہ ’سکرین ایوارڈز‘ سے امید لگائے بیٹھے ہوتے اور کئی کی تسلی تشفی بھی ہوجاتی۔
king-movie-teaser.png
