47- الودود

Al-Wadood

الودود نام کی تفصیل بحوالہ قرآن و حدیث
وداد کا درجہ محبت سے اعلیٰ ہے۔ وداد کے معنی خالص اور صاف محبت ہیں ۔ محبت کے لب اور خلاصہ کا نام وداد ہے۔ وداد محبت کا وہ درجہ ہے جو اخلاص سے حاصل ہوتا ہے اور شائبہ اغراض کا دھوکا جاتا رہتا ہے۔
الف۔ ودود کے معنی مَوْدُود بھی ہیں یعنی وہ ذات جس سے محبت کی جائے، جس کو نقدِ دل نذر میں پیش کر دیا جائے، وہ جس سے محبت شدید کا علاقہ پیدا کیا جائے۔
وَدُوْد کے معنی وادٌّ بھی ہیں ۔ یعنی وہ جو ہم سے محبت کرتا ہے۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے صحیح بخاری میں ہر دو معانی کے اعتبار سے وَدُوْد کا ترجمہ حبیب کیا ہے۔
سورہ ہود میں ہے
اِنَّ رَبِّیْ رَحِیْمٌ وَّ دُوْدٌ(ہود: ۹۰)
’’بے شک میرا رب رحم فرمانے والا، پیار کرنے والا ہے۔‘‘
سورہ بروج میں ہے
وَہُوَ الْغَفُوْرُ الْوَدُوْدُ (البروج: ۱۴)
’’وہ بے حد بخشنے والا اور کمال محبت کرنے والا ہے۔‘‘
سورہ مریم میں ہے
سَیَجْعَلُ لَہُمُ الرَّحْمٰنُ وُدًّا(مریم: ۹۶)
’’رحمن ان کے لیے محبت کو خاص فرما دے گا۔‘‘
ہاں محبت ربی۔ رحم بن کر بندہ نوازی کرتی ہے۔
ہاں محبت سبحانی۔ غفران بن کر اپنے غلاموں کو خلعت نجات پہناتی ہے۔
ہاں محبت الٰہی رحمت کو محبت کا تاج پہناتی ہے اور بندہ خاک نشین کو تخت رضوان پر بلند کرتی ہے۔
سَیَجْعَلُ لَہُمُ الرَّحْمٰنُ پر مکرر غور کرو کہ محبت کی ابتداء ہمارے مالک کی جانب سے ہوئی ہے۔ محبت خود ان بندوں کی بن جاتی ہے، محبت کا انتفاع انہی کو حاصل ہوتا ہے۔
محبت کسے کہتے ہیں ؟
۱۔ دلِ سالم کی میلِ دائم کا نام محبت ہے۔
۲۔ محبوب پر تمام پیاری چیزوں کے نثار کا نام محبت ہے۔
۳۔ حاضر و غائب میں محبوب کی موافقت کا نام محبت ہے۔
۴۔ اپنی گمشدگی میں اصابتِ محبوب کا نام محبت ہے۔
۵۔ مرادِ محبوب پر ایثار قلب کا نام محبت ہے۔
۶۔ محبت خمار ہے اور اس خمار کا مداوا دیدارِ یار ہے۔
۷۔ جاں نثاری کا نام محبت ہے۔
۸۔ محبت وہ سفر ہے جو خودی سے محبوب کی جانب کیا جاتا ہے۔
۹۔ محبت وہ ہے کہ جفا و عطا کا اثر اسے کم و بیش نہیں کرسکتا۔
۱۰۔ محبت وہ ہے کہ شکوہ کو زبان پر۔ اعتراض کو دل میں ، نقص کو آنکھ میں آنے کی اجازت نہ دے۔
۱۱۔ محبت عبودیت ہے۔ محبت غلامی ہے۔ محبت خود فراموشی ہے۔ محبت خود اپنے ساتھ عداوت ہے۔
۱۲۔ محبت وہ ہے جس کی ذلت عزت سے زیادہ محبوب ہوتی ہے۔
۱۳۔ محبت وہ ہے جس کی عزت ہر ایک ذلت سے لا پرواہ کر دیتی ہے۔
۱۴۔ محبت وہ ہے جہاں عزت و ذلت کے الفاظ کا استعمال ہی مفقود ہو جاتا ہے۔
((اَللّٰہُمَّ ارْزُقْنَا حُبَّکَ وَحُبَّ مَنْ یُحِبُّکَ وَحُبَّ عَمَلٍ یُّقَرِّبُنَا اِلٰی حُبِّکَ۔))
’’الٰہی ہم کو اپنی محبت عطا کر اور جو کوئی تجھ سے محبت رکھتا ہے اس کی بھی محبت عطا کر اور اس عمل کی بھی محبت دے جو ہم کو تجھ سے قریب بنا دے۔‘‘


AL-WADOOD MEANING IN ENGLISH
The Loving, The Kind One, The One who loves His believing slaves and His believing slaves love Him. His love to His slaves is His Will to be merciful to them and praise them

ملتے جُلتے مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی چیک کریں
Close
Back to top button